بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر مختلف رہنماؤں کی تعزیت

September 11, 2018

تین بار پاکستان کی خاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نواز اڑسٹھ سال کی عمر میں لندن کے اسپتال میں طویل بیماری کے بعد انتقال کرگئی ہیں۔ ملک کی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں، سیاسی رہنماؤں اور دیگر نمایاں شخصیات نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، مرکزی رہنماء آصف علی زرداری اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔ آصف زرداری نے میاں نواز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا اور بیگم کلثوم نواز کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور ان کے درجات کے بلندی کی دعا کی۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ بہادر خاتون تھیں، اللہ مرحومہ کے درجات بلند کرے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی۔

سابق صدر پرویز مشرف نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

لیگی رہنماء کہتے ہیں کہ پاکستان اور شریف خاندان کیلئے افسوسناک خبر ہے، بیگم کلثوم نواز بہت بہادر خاتون تھیں۔

عابد شیر علی کہتے ہیں کہ نواز شریف کا جیل میں ہونا شریف خاندان کیلئے کٹھن مرحلہ ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے مشرف کی آمریت کے کٹھن دور میں مسلم لیگ ن کو نئی توانائی بخشی۔

انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم باہمت اور باوقار خاتون تھیں، جموریت کے تسلسل کیلئے مضبوط آواز بن کر ابھریں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف،مریم نواز کی اسیری اور کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے کٹھن لمحہ ہے، دکھ کے لمحات میں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا اور کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جدوجہد سے ملکی سیاست میں باوقار اور منفرد مقام حاصل کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہبود کیلیے اہم خدمات انجام دیں اور جمہوریت کے فروغ اور تسلسل کیلیے اپنا کردار بخوبی ادا کیا۔

میئر کراچی کہتے ہیں کہ بیگم کلثوم نواز نے آخری دم تک دلیری سے بیماری کامقابلہ کیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

تعزیت کرنے والی دیگر شخصیات میں صدر پاکستان عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، مشاہد اللہ، جمشید دستی، سینیٹر فیصل جاوید، بلال یاسین، طاہر القادری، مولانا فضل الرحمان اور اعتزاز احسن شامل ہیں۔