امریکا سے آنے والے فون نے پشاور میں ڈکیتی ناکام بنا دی

Noor Ul Huda Shaheen
September 11, 2018

امریکا سے بروقت موصول ہونے والی ٹیلی فون کال نے پشاور کے علاقہ حیات آباد فیز6 میں ڈکیتی ناکام بنا دی جس میں ایک ڈاکو ہلاک بھی ہوگیا۔

تاتارہ پولیس اسٹیشن کے اہلکار مقصود خان نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ 9 ستمبر کی شب 5 ڈاکوؤں نے عاطف شہزاد نامی تاجر کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور گھر کی تلاشی میں مصروف ہوگئے۔

اس دوران گھر میں موجود ایک فرد نے بیرون ملک اپنے رشتے دار کو واٹس ایپ پر اطلاع دی اور امریکا میں موجود شخص نے گوگل پر تاتارہ پولیس اسٹیشن کا نمبر ڈھونڈ کر اس پر رابطہ کرکے ڈکیتی کی اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر پولیس جیسے ہی متعلقہ گھر پہنچی تو ڈاکو گھر لوٹ کر فرار ہورہے تھے۔ اس دوران پولیس نے ان پر فائرنگ کردی جس میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ باقی 4 ڈاکو اپنی گاڑی چھوڑ کر اندھیرے میں فرار ہوگئے۔

واردات کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ پولیس کی جانب سے جدید سائنسی خطوط پر شناخت کا عمل جاری ہے۔ مارے جانے والے ڈاکو کی تصویر شہر بھر کے تمام تھانوں کو بھجوادی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوئوں نے بھاگتے ہوئے اسلحہ کی نوک پر ایک اور شہری سے گاڑی چھینی اور اس میں فرار ہوگئے۔