حکومت سی پیک منصوبے کو متنازع بنانے والی کالی بھیڑوں کوتلاش کرے، احسن اقبال

Samaa Web Desk
September 11, 2018

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک منصوبے کو متنازع بنانے والی کالی بھیڑوں کوتلاش کرے۔

سماء کے پروگرام آواز میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کو متنازع کرنا مستقبل سے کھیلنے کی بات ہے، ن لیگ نے سی پیک منصوبے کو حقیقت میں تبدیل کیا، حکومت نے بیان سے لاعلمی کااظہار نہیں کیا، صرف یہ کہا گیا کہ بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے متنازع ہونے سے دونوں ممالک کونقصان ہوگا، حکومت منصوبے کو متنازع بنانے والی کالی بھیڑوں کوتلاش کرے، سی پیک معاملے پر وزراء سوچ سمجھ کربیان دیں۔

انہوں نے کہا کہ خبر چھپنے کے24 گھنٹے بعد تک حکومتی ردعمل نہیں آیا، اطلاعات ہیں حکومت ترقیاتی بجٹ کوکم کرنا چاہتی ہے،ترقیاتی بجٹ میں اضافےکی ضرورت ہے، منصوبے سے متعلق ہر دورے پر قائمہ کمیٹی کوبریفنگ دی۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماپی ٹی آئی شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے سی پیک معاہدوں کوخفیہ رکھا،معاہدے خفیہ رکھے جانے سے سوالات اُٹھے، معاہدوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں لائیں گے۔