آرمی چیف نے ڈیمز فنڈ کیلئے ایک ارب سے زائد کا چیک چیف جسٹس کو پیش کردیا

September 10, 2018

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات میں ڈیمزفنڈ کے لئے جمع کی گئی رقم کا چیک چیف جسٹس کو پیش کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں آرمی چیف نے ڈیمزفنڈ کے لئے ایک ارب سے زائد کاچیک چیف جسٹس کو پیش کردیا۔

پاک فوج نے دیامیر بھاشاڈیم فنڈ کیلئے1  ارب روپے جمع کرائے جس کے کے لیے فوجی افسران نے 2اور اہلکاروں نے ایک دن کی تنخواہیں دیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بتایا کہ فنڈ کیلئے آرمی ویلفیئر آرگنائزیشن نے بھی حصہ ڈالا ہے ۔

گزشتہ ماہ آئی ایس پی آر نے اعلان کیا تھا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران اپنی 2، 2 دن کی تنخواہیں جبکہ جوان ایک روز کی تنخواہ ڈیمز اکاؤنٹس میں جمع کراوئیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی آج سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے ڈیمز فنڈ میں 32 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر قائم دیامر بھاشا و مہمند ڈیم فنڈ میں اب تک دو ارب ایک کروڑ اسی لاکھ پانچ ہزار نو سو آٹھ روپے جمع ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں پانی کی شدید قلت کے پیش نظر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا تھا جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے جولائی کے پہلے ہفتے میں اسٹیٹ بینک سمیت تمام بینکوں میں ڈیمز کے عطیات جمع کرنے کیلئے اکاؤنٹ مختص کرنے کی ہدایت کی تھی، ساتھ ہی جسٹس ثاقب نثار نے فنڈ میں 10 لاکھ روپے بھی جمع کرائے تھے۔