بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید

September 10, 2018

بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، ایک بار پھر خنجر سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 51 سالہ شہری شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کے دوران خنجر سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے جھمڑہ گاؤں کے رہائشی گفتار حسین شہید ہوگئے۔

بھارتی فوج کی جانب سے مارٹر شیل بھی فائر کئے گئے، پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اس قبل گزشتہ ہفتے بھی بھارت فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا، جس پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔