وزیر اعلیٰ بلوچستان کی چئیرمین نادرا سے ملاقات

September 10, 2018

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے پیر کے روز یہاں بلوچستان ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران نادرا کے بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بلوچستان کے طویل و عریض رقبہ کے تناظر میں بلوچستان کے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے لئے نادرا کی موبائل وین میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

 وزیر اعلیٰ نے بلاک کئے گئے شناختی کارڈ کے مسئلے کے حوالے سے کہا کہ قومی شناختی کارڈوں کی بندش ختم کرنے کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کی ضرورت ہے تاکہ حقیقی اورمستند شہریوں کو شناختی کارڈ کا اجراء ممکن ہوسکے۔

 چیئرمین نادرا نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا اور موبائل وین کی تعداد کو بڑھاتے ہوئے انہیں صوبے کے تمام علاقوں میں بھجو ایا جائے گا۔

چیئرمین نادرا نے نادرا کی جانب سے بلاک شناختی کارڈز کے مسئلے کے حل کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا اور انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے حقیقی شہریوں کے بلاک کئے گئے شناختی کارڈز جلد بحال کئے جائیں گے۔

 ملاقات کے دوران ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل سینٹر احمد خان خلجی، سابق سینٹرسعیدالحسن مندوخیل اور ڈی جی نادرا بریگیڈئر ریٹائرڈ نثار احمد بھی ملاقات میں موجود تھے۔