کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم نہ ملنے پر وضاحت دی جائے، پرویز رشید

September 10, 2018

ن لیگ کے رہنما پرویز رشید نے کولیشن سپورٹ فنڈ کے تین سو ارب نہ ملنے پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔


سماء کے نمائندہ خصوصی نعیم اشرف بٹ سے انٹرویو میں سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ ہمیں طعنہ دینے والےعمران خان بتائیں کہ سول ملٹری حکام ایک پیج پر ہیں تو امریکی وزیر خارجہ  سے رقم کا مطالبہ کیوں نہیں کیا گیا۔

ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے 300 ارب نہ ملنے پر ہمیں طعنہ دیا گیا۔ کیا عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ سے رقم کا تقاضہ کیا؟ وزیراعظم، وزیرخارجہ اور فوجی حکام وضاحت دیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ ہماری نہیں، کیا پاک فوج وزیراعظم کے اس موقف سے اتفاق کرتی ہے؟ سول ملٹری حکام ایک پیج پر ہیں تو رقم کا مطالبہ کیوں نہیں کیا؟ انہی باتوں پر دنیا ہمیں چارج شیٹ کرتی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کو این اوسی کا ہم سے پوچھا نہیں گیا، ان کے ادارے نے این او سی دیا وہی جواب دیں۔ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب پر تحقیقات سے آگاہ کیا جائے۔

پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ زرداری اڈیالہ سے ڈرتے ہیں تو نوازشریف سے ملاقات کرلیں، ملاقات کیلئے نہ گئے تو منی لانڈرنگ کیس انہیں جیل لے جائے گا۔ اب کس راستے سے اڈیالہ جانا ہے؟ فیصلہ آصف زرداری کو کرنا ہے۔