پی ٹی آئی حکومت کا مقصد سی پیک کو سبوتاژ کرنا ہے، احسن اقبال

Samaa Web Desk
September 10, 2018

سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ غالباً تحریک انصاف کو حکومت میں اسی لیے لایا گیا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرسکے لیکن ہم ایسا کرنے نہیں دیں گے۔


مشیر صنعت و تجارت کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش ہے اور ہم کسی کو سی پیک سے پیچھے ہٹنے نہیں دیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کو بند کرنا پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اچھا نہیں ہوگا، حکومت سنجیدگی کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں پر توجہ دے۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے غیر مشروط معافی نامہ قبول کرکے توہین عدالت کا نوٹس خارج کر دیا اور مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی۔