چھ نئے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا

September 11, 2018

وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل ہونے والے چھ نئے وزراء اور وزرائے مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔


حلف برداری تقریب میں علی محمد خان، عمر ایوب اور علی حیدرزیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ وزراء کے محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 کچھ روز قبل شہریار خان آفریدی کو کابینہ میں شامل کرکے انہیں وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان سونپا گیا۔ اس وقت ملک میں وزیر داخلہ کا قلمدان وزیراعظم کا پاس ہے۔

چھ نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کل تعداد 28 ہوگئی ہے۔ بیس اگست کو وزیراعظم عمران خان کی ابتدائی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جبکہ اُسی روز 5 مشیروں کے بھی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، جس کے بعد یہ تعداد 21 ہوگئی تھی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں صبح 10 بجے سے 11 کے درمیان منعقد کی گئی۔

تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لینے والے مراد سعید پشاور، علی محمد خان مردان، محمد شبیر علی مظفرگڑھ، محمد حماد اظہر لاہور اور علی زیدی کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔

عمر ایوب خان سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی وزیر رہ چکے ہیں، انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی تھی، وہ نواز شریف کابینہ کا بھی حصہ رہے، انہوں نے فروری 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔