خواتین کے ووٹ کم پڑنے پر پی کے23 شانگلہ میں دوبارہ الیکشن،پولنگ جاری

Samaa Web Desk
September 10, 2018

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے صوبائی حلقے 23 وَن میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 میں خواتین کے 10 فی صد سے کم ووٹنگ پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

پی کے 23 وَن میں ری پولنگ کے سلسلے میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتخابی حلقے میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 135 ہے، جن میں 35 حساس، 18حساس ترین پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ پی کے 23 شانگلہ وَن میں کُل ووٹرز کی تعداد 200555 ہیں، حلقے میں پی ٹی آئی امیدوار شوکت یوسف زئی کو اے این پی اور پی پی کی حمایت حاصل ہے، دوسری طرف ن لیگی امیدوار رشاد خان کو ایم ایم اے کی حمایت حاصل ہے۔

انتخاب کے دوران حلقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر فوج آٹھ سے گیارہ ستمبر تک تعینات رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فوجی افسروں کو درجہ اول مجسٹریٹ کے اختیارات دئیے گئے ہیں اور حلقے میں نو سے گیارہ تاریخ تک فوج تعینات کی جائے گی۔

اس سے قبل 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات 2018 میں پی کے 23 سے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی 17399 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 86728 اور مرد ووٹرز کی تعداد 113827 ہے۔ پچیس جولائی کو پولنگ کے دن صرف 3505 خواتین نے ووٹ ڈالے، جو کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے خلاف ہے۔

شوکت یوسف زئی نے شانگلہ میں دوبارہ انتخابات ہونے کی وجہ سے امیدوار بننے کے بعد الیکشن شفاف رکھنے کے لیے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کے عہدے سے تین دن قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔

 

اس سے قبل چار ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس نے پی کے تئیس شانگلہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی کے وکیل نے خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے سے متعلق شق چیلنج کی تھی ، جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کئے۔

دوبار ووٹنگ کیوں؟؟

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق کسی حلقے میں مرد اور خواتین ووٹرز کی کُل تعداد میں سے اگر خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح دس فیصد سے کم ہوگی تو اس حلقے کے نتائج تسلیم نہیں کیے جائیں گے اور پولنگ کا عمل کالعدم قرار پائے گا۔