لاہور میں موسلادھار بارش نے جل تھل ايک کر دیا

Muhammad Ali Jarrh
September 9, 2018

لاہور میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے نشیبی علاقوں کے علاوہ پوش علاقے بھی زیر آب آ گئے ۔

لاہورمیں بادل جم کر برسے تو وقفے وقفے سے بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ساتھ ہی انتظامیہ کے دعووں کی قلعی بھی کھل گئی۔

تیز بارش کے باعث جہاں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوا تو وہیں اہم شاہراہیں بھی زیر آب آگئیں، نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے راہگیروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی رہائش گاہ کے سامنے بھی پانی جمع ہوگیا اور ظہور الہی روڈ نہر کا منظر پیش کرتی رہی ، بارش سے کئی مسائل تو پیدا ہوئے مگر موسم بہتر ہونے پر کچھ لوگوں نے خوشی کا اظہار بھی کیا۔

بارش سے شہر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں، قائداعظم کرکٹ ٹرافی اور قومی انڈر ففٹین فٹ بال کے تین میچز منسوخ کرنا پڑے ۔

سب سے زیادہ تریسٹھ ملی میٹر بارش جیل روڈ کےعلاقے میں ہوئی لکشمی چوک پر پچپن اور سمن آباد میں پینتالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔