تجاوزات کیخلاف اسلام آبادمیں سی ڈی اے کاآپریشن دوسرےروزبھی جاری

Arham Fatima
September 9, 2018

اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے پر تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے آپریشن میں تیزی آگئی، جہاں دوسرے روز بھی غیرقانونی عمارتیں گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ اداروں میں موجود کالی بھیڑیوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے کے اطراف سیکٹر جی 12 میں مالکان کے احتجاج کے باوجود تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ سی ڈی اے حکام کی جانب سے غیر قانونی شادی ہالز سمیت 18 عمارتوں کو مسمار کردیا گیا ہے، جب کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں سی ڈی اے کے ساڑھے 300 سے زائد اہلکار آپریشن میں شریک ہیں۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن اسلام آباد تک جاپہنچا

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ آج اتوار کو کشمیر ہائی وے کلیئر کردیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی کشمیر ہائی وے کا دورہ کیا۔ پولیس اور سی ڈی اے کے مشترکا آپریشن کا جائزہ لیا۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے نے وزیر مملکت کو آپریشن پر بریفنگ دی جب کہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن تبدیلی کا نشان ہے، این او سی اور اجازت کے بغیر کی گئی تمام تعمیرات گرائی جائیں گی۔

غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہےگا،فوادچوہدری

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ہفتہ کو بھی سیکٹر12 میں مشہور فاسٹ فوڈ کی برانچ سمیت 12 عمارتیں گرادی گئی تھیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آپریشن کا دائرہ دیگرشہروں تک پھیلانے کا اعلان کیا تھا۔