حکومت انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنے پر تیار

September 8, 2018

وزیرا طلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حزب اختلاف کے مطالبے پر عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنے پر تیار ہے۔

وزیرا طلاعات چوہدری فواد حسین نے مسلم لیگ ن کے لیڈروں کی طرف سے لاہور میں پریس کانفرنس کا رد عمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن ہی اس معاملے کے بارے میں اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا جن سے حزب اختلاف مطمئن ہو سکے۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حزب اختلاف انتخابات میں دھاندلی کے معاملے کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کررہی ہے کیونکہ وہ اس سلسلے میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکی، انہوں نے کہا کہ یہ حزب اختلاف کیلئے بہتر ہے کہ وہ مل بیٹھ کر اس مسئلے کے بارے میں ٹھوس تجاویز پیش کرے۔

وزیر اطلاعات نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی تعداد میں کمی سے متعلق حزب اختلاف کے الزامات کے بارے میں کہا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں کو مکمل کرے گی اور اس کے فنڈز میں اضافہ کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے اور پاکستان کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ڈیم ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے اور وہ یقینی طور پر ڈیم فنڈ میں سرمایہ کاری کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز پاکستان مسلم لیگ نون کے دور اقتدار میں جیل گئے کیونکہ ان پر بدعنوانی کے الزامات تھے اور وہ اپنے ذرائع آمدنی اور اثاثوں کے ثبوت فراہم نہیں کرسکے تھے۔