لاہور: شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، عمارت سے گر کر ایک شخص جاں بحق

September 8, 2018

لاہور میں کثیر منزلہ شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، عمارت میں پھنسے تمام افراد کو نکال لیا، آگ پر بھی قابو پالیا گیا، رسی کی مدد سے اترنے کی کوشش میں ایک شخص گر کر زخمی ہوا جوا اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔

لاہور کے علاقے ایم ایم عالم روڈ پر 13 منزلہ شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، عمارت میں کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں، لوگ کھڑکیوں میں لٹک کر اپنی جان بچانے اور امداد کے منتظر رہے، رسی کی مدد سے اترنے کی کوشش میں ایک شخص نیچے گر گیا، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوراج علاج چل بسا۔

نمائندہ سماء کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں، پہلے منگائی گئی کرین چھوٹی پڑگئی جس کے بعد لوگوں کو نکالنے کیلئے بڑی کرین منگوائی گئی ہے، کسی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے عمارت کی بجلی بھی بند کردی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کہتے ہیں کہ کوشش ہے کہ نقصان کم سے کم ہو، ریسکیو 1122 کے علاوہ دیگر اداروں کو بھی امدادی کاموں کیلئے طلب کرلیا گیا ہے، تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

نمائندہ سماء کے مطابق کرین کے ذریعے لوگوں کو عمارت سے بحفاظت اتار لیا گیا ہے، آگ سے متاثرہ شاپنگ پلازہ میں پھنسے لوگوں کے اہل خانہ بھی پریشانی کے عالم میں باہر کھڑے رہے۔

 ڈی جی ریسکیو 1122محمد فاروق کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا، شاپنگ پلازہ میں پھنسے لوگوں کو بھی بچالیا گیا ہے، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ شام 5 بجے لگی، کھڑکی سے کود کر جان بچائی، دھویں کے باعث سانس لینے میں شدید مشکل پیش آرہی تھی، عمارت میں اب بھی تقریباً 50 افراد پھنسے ہوئے ہیں، عمارت میں بھی آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں۔