چین کی وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت

September 8, 2018

دفترخارجہ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کاکہناتھاکہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سی پیک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چین کی جانب سے پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے حمایت کا اظہار کیاگیا۔پاکستان کی جانب سے چین کو سی پیک منصوبوں کے حوالے عزم کی یقین دہانی کروائی گئی۔

پاک چین وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد  وفود کی سطح پر مذاکرات  شروع ہوگئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد جبکہ وانگ ژی چینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ مذاکرات میں سی پیک ، معاشی تعاون ، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر گفتگو ہوگی۔