صدر ممنون حسین کے عہدِ صدارت کی مدت مکمل ہوگئی

September 8, 2018

صدر ممنون حسین کے پانچ سالہ عہد صدارت کی معیاد آج مکمل ہوگئی، انہیں گارڈ آف آنر دے کر ایوان صدر سے رخصت کیا جائے گا۔


صدر ممنون حسین اپنے عہدِ صدارت کی مدت مکمل ہونے پر آج صدارتی ذمہ داروں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ ایوان صدر سے رخصتی کے موقع پر انھیں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی اور اپنا عہدِ صدارت مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

صدر ممنون حسین نے ملک کے بارہویں صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013 میں ممنون حسین کو صدارت کے لئے نامزد کیا تھا۔

منتخب ہونے والے نئے صدرعارف علوی کل حلف اٹھائیں گے۔ صدارتی حلف برداری کی تقریب میں تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔

عارف علوی نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دےدیا

ڈاکٹر عارف علوی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 سے کامیاب ہوئے تھے۔ صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد وہ یہ نشست چھوڑ چکے ہیں۔