جدید بحری جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر پاکستان نیوی کا حصہ

Samaa Web Desk
September 7, 2018

پاکستان نیوی کے بیڑے میں جدید آلات اور دفاعی ساز و سامان سے لیس پی ایم ایس ایس کشمیر شامل ہوگیا، تقریب میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

کراچی میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر کی بیڑے میں شمولیت کی تقریب منعقد ہوئی، آزاد کشمیر کے صدر مہمانِ خصوصی تھے۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا کہنا تھا کہ جب یہ جہاز سمندروں میں جائے گا تو کشمیر کا نام روشن ہوگا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم جاری ہے، اقوام متحدہ بھارتی مظالم بند کرائے۔

پی ایم ایس ایس کشمیر 94 میٹر لمبا اور 1550 ٹن وزنی ہے، جو سمندر میں 26 ناٹیکل مائل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتا ہے۔

بحری جہاز دوست ملک چین میں تیار کیا گیا ہے، جو جدید آلات اور دفاعی سامان سے لیس ہے۔