سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی نیب میں طلب

September 7, 2018

اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو احتساب عدالت سے بلاوا آگیا، قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کے نیب ریفرنس میں نامزد پیپلزپارٹی رہنماء کو 26 ستمبر کے روز پیش ہونے کیلئے سمن جاری کردیا گیا۔

نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 7 ملزمان کیخلاف اسکروٹنی کے بعد جمعرات کو کرپشن ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس میں احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے 26 ستمبر کیلئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سمیت تمام ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کردیئے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے یونیورسل سروسز فنڈز کا غیر قانونی استعمال کر کے اشتہاری مہم کا ٹھیکہ دیا، جس میں قومی احتساب بیورو نے سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان اور اشتہاری کمپنی کے مالک انعام اکبر سمیت 7 افراد کو ملزم نامزد کیا ہے۔

ملزمان پر قومی خزانہ کو اس مد میں 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔