پاکستان میں 10 روز میں تیسرے وزیر خارجہ کا دورہ

September 7, 2018

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ دورہ پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی جمعہ 7 ستمبر سے پاکستان کا 3 روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے علاوہ دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

 

 چین کی وزارت خارجہ کےترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر جمعہ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ اہم ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات کی جائے گی۔

 

چینی ترجمان نے مزید بتایا کہ وانگ ژی کے دورے سے پاک چین روایتی دوستی مزید پروان چڑھنے کی امید ہے، دونوں ممالک تمام موسموں کے اسٹریٹجک پارٹنرز، اچھے پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں۔

 

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور ترقی کا عمل جاری ہے اور سی پیک کے منافع بخش ثمرات بھی حاصل ہو رہے ہیں۔