وطن پر جان نچھاور کرنیوالا پاکستان کا عظیم سپوت جاوید مسیح

Samaa Web Desk
September 6, 2018

پاکستان سب کا ہے تو حفاظت کی ذمہ داری بھی سبھی کی، دھرتی ماں کی پکار پر اس کے بیٹے جاوید مسیح نے سیاچن کے برف پوش پہاڑوں پر جان کا نذرانہ دے کر وطن سے والہانہ محبت کا ثبوت دے دیا۔

مسیحی برادری کی آنکھوں کا تارا لانس نائیک جاوید مسیح دھرتی سے وفا کا استعارہ بن گیا، سیاچن میں خدمات انجام دیتے ہوئے وطن پر اپنی جان نچھاور کردی۔

عیسائی مذہبی رہنماء کہتے ہیں کہ یہ ہماری برادری کیلئے باعث برکت اور قابل فخر بات ہے، اس نوجوان نے اپنے ماں باپ کے ساتھ بھی ہمیشہ وفاداری کی، اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ بھی اور کلیسا میں بھی یہ سب سے پیار کرنے والا شخص تھا۔

دل میں وطن سے محبت کی چنگاری جلائے جاوید مسیح نے سیاچن کے برف پوش پہاڑوں پر جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، والدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے اس کی لگن، پیار اور محبت بہت گہری تھی، خوش تو ہوں مگر اندر سے کسی نے نہیں کھول کر دیکھا بڑا بیٹا تھا۔

ملک کی خاطر جان کا نذرانہ دے کر جاوید مسیح نے ثابت کردیا کہ ارض وطن کی حفاظت کی بات ہو تو اکثریت ہو یا اقلیت کوئی کسی سے پیچھے نہیں۔