قربانیاں دیں لیکن جنگ ابھی جاری ہے، آرمی چیف کا یوم دفاع پر پیغام

Samaa Web Desk
September 6, 2018

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے جمہوریت بہت ضروری ہے، نامساعد معاشی حالات کے باوجود ایٹمی قوت بنے، پاکستانی عوام نے قربانیاں دے کر دہشتگردی مسلط کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ہزاروں شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی جنگ ختم نہیں ہوئی، بھوک اور افلاس کیخلاف جنگ بھی جاری رہے گی۔ آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کےعوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید جانیے : پاکستان میں واحد فنکشنل ادارہ فوج ہے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے حوصلوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، آج کے دن ہر پاکستانی وطن کا سپاہی بنا، ہمارے جوان آگ میں کود پڑے لیکن وطن پر آنچ نہ آنے دی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ دہشتگردی کیخلاف 76 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائیں گی، قربانیاں دے کر دہشتگردی مسلط کرنے کی کوشش ناکام بنائی۔ ملکی ترقی کیلئے جمہوریت ضروری قرار دے دی۔

تفصیلات جانیے : جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب

آرمی چیف نے کہا کہ جنگوں سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، ایٹمی طاقت بننے سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن شہداء سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، دفاع وطن کیلئے ہم سب یکجان ہیں، جمہوریت اداروں کے استحکام کے بغیر پنپ نہیں سکتی، آج اس تقریب میں تمام سیاسی رہنماء موجود ہیں، یہ اس بات کا پیغام ہے کہ ہم متحد اور یکجان ہیں۔

آرمی چیف کہتے ہیں کہ دو دہائیوں میں دنیا بھر میں دہشتگردی کی لہر اٹھی، پاکستان بھی اس جنگ کا نشانہ بنا، ہم پر دہشت اور خوف مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، قبائلی علاقوں اور کراچی کے عوام کے شکر گزار ہیں۔