لاہور بھر میں یوم دفاع کی تقریبات

September 6, 2018

ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم دفاع ِپاکستان روایتی جوش و خروش اور پروقار انداز سے منایا جارہا ہے، مختلف تقریبات میں جنگ ستمبر کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ارض پاک کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو یاد کرنے کا دن 6 ستمبر ہے، مزار اقبال پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، میجر جنرل محمد عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

بہادری کی داستان رقم کرنے والے میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) کے مزار پر خصوصی تقریب ہوئی، جنرل آفیسر کمانڈنگ الیون ڈویژن میجر جنرل شاہد نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ٹاؤن ہال پر ہلال استقلال لہرایا گیا جو جنگ ستمبر میں شہریوں کی بہادری کی یادگار ہے، بچوں نے ملی نغموں کے ذریعے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے باٹا پور میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔