فاروق ستار نے پی ٹی آئی میں شامل ہونےکی پیش کش کی تصدیق کردی

Samaa Web Desk
September 6, 2018

ایم کیوایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا ہے کہ کچھ مشترکہ دوست  ہیں، کچھ اراکین ہیں جنھوں نے پیش کش کی ہے کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کروں۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ بھی پیش کش ہے کہ این اے 247 سے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حصہ لوں، یہ سیٹ ڈاکٹر عارف علوی کے صدر پاکستان بننے پر خالی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو جواب دیا ہے کہ دوستوں سے اس حوالےسے مشورہ کررہا ہوں۔ فاروق ستار کاکہناتھاکہ میرا تیس سال سے ایک جماعت سے تعلق ہے، ایک منشور سے جڑا ہوں۔

تاہم تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا نے تردید کی ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈاکٹر فاروق ستار سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

سماء سے بات کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے بتایاکہ ڈاکٹر فاروق ستار دن میں خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ کہاکہ کہیں ایم کیوایم رہنماء یہ نہ کہہ دیں کہ انہیں پی ٹی آئی سے عمران خان کی جگہ چیئرمین بننے کی پیشکش بھی ہے۔

انہوں نے تردید کی کہ فاروق ستار کو این اے 247 سے ٹکٹ دینے کی کوئی پیش کش نہیں کی گئی۔ فیصل واؤڈا نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کوئی دیہات، شہر یا گلی کی پارٹی نہیں، ہم اپنے ووٹرز کوکیا منہ دکھائیں گے، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔