فیس بک پر لڑکیوں کو تنگ کرنیوالے شخص کو 6 برس قید کی سزا

Adil Tanoli
September 5, 2018

اسلام آباد کی عدالت نے فیس بک پر لڑکیوں کو چھیڑنے اور بلیک میل کرنے والے مجرم کو چھ سال قید کی سزا سنا دی، مجرم عامر شمس کو چار لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو چھیڑنے والے شخص کو سخت سزا سنادی گئی، فیس بک پر بدتہذیبی پر 6 سال قید اور4  لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ ایف آئی اے اسلام آباد کی سائبر کرائم عدالت کے سیشن جج طاہر محمود نے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

مجرم عامر شمس سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو چھیڑتا تھا اور ان کی تصویریں وائرل کرکے بلیک میل کرتا تھا، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے مجرم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔