امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان پہنچ رہے ہیں

September 4, 2018

امریکی وزیر خارجہ بدھ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں، مائیک پومپیو پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ اور افغانستان کی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات کے دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بدھ کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، دہشتگردی کیخلاف جنگ اور افغانستان کی صورتحال پر اہم بات چیت ہوگی۔

امریکی وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد پاک امریکا وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

امریکی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے، ان کے ہمراہ امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف بھی ہوں گے، مائیک پومپیو دورہ پاکستان کے بعد بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے امداد میں کٹوتی کے بعد پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے پاکستان کی نو منتخب حکومت کو تجویز دی تھی کہ امریکی وزیر خارجہ سے اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں نہ کی جائیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔