صدر پاکستان منتخب ہونے پر عارف علوی کو سیاسی سماجی شخصیات کی مبارکباد

September 4, 2018

تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہوگئے،عارف علوی کو صدارتی الیکشن میں جیت پر وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے مبارک باد دی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ عارف علوی کو پاکستان کاصدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، امید ہے عارف علوی پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پی ٹی آئی امیدوارعارف علوی کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی کی کامیابی جمہوریت اورجمہوری قوتوں کی فتح ہے، عارف علوی صدارتی منصب کی آن،بان ،شان کوبڑھائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عارف علوی کاجیتناپی ٹی آئی اوراتحادی جماعتوں کےمثالی اتحادکا مظہرہے، خوش آئند ہے کہ نئےصدرکےانتخاب کاجمہوری عمل بطریق احسن پایہ تکمیل کوپہنچاہے، پی ٹی آئی جمہوریت پسنداورانصاف پسندجماعت ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی صدر منتخب ہونے پرعارف علوی کو دلی مبارکباد دی ، وزیراعظم عمران خان نے پرانی یاد بھی تازہ کردی ۔

پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزازاحسن کی بھی عارف علوی کو مبارک باد دی کہا صدر مملکت وفاق کی علامت ہوتا ہے، امید ہے عارف علوی جمہوریت کا استحکام مدنظر رکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی صدر کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صدرکا عہدہ چاروں اکائیوں کی نمائندگی ہے ہم سب کو سیاست میں جمہوری اندازاپنانا ہوگا۔

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی نو منتخب صدر کوالیکشن جیتنے پر مبارکباد کے ساتھ نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

چوہدری شجاعت کہتے ہیں عارف علوی پورے پاکستان کے صدر ہیں، وہ وفاق کی صحیح نمائندگی کریں گے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی نو منتخب صدر سےآئین کی بالادستی یقینی بنانے کی امید لگا لی۔