لاہور میں نشہ آور انجیکشنز کے خلاف آپریشن

Samaa Web Desk
September 2, 2018

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے نشہ آور انجیکشنز کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بارہ ہزار انجیکشن اور ادویات برآمد کرلیں ۔ چھاپے میں چار مختلف اقسام کی ادویات اور انجیکشنز برآمد ہوئے جن پر پانچ سال سے پابندی عائد ہے اور ان کا طبی استعمال بھی ممنوع ہے۔

نشہ آور انجیکشن اور ممنوعہ ادویات بیچنے والے قانون کے شکنجے میں آگئے۔ ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ کوٹ عبدالمالک، شالیمار ٹاؤن، مغل پورہ اور نشتر ٹاؤن کے میڈیکل اسٹورز اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

چھاپوں کے دوران چار اقسام کے ممنوعہ انجیکشنز اور گولیاں برآمد ہوئیں جن کی فروخت پر پانچ سال سے پابندی عائد ہے ۔

حکام کے مطابق، ان انجیکنشز کا طبی استعمال بھی ممنوع ہے اور انہیں صرف منشیات فروش تیار کراتے ہیں ۔

کارروائی میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں ایک مینوفیکچرر اور دوسرا سپلائر ہے ۔ ملزمان عدنان اور اللہ دتہ سے تفتیش کی جارہی ہے ۔