آرمی چیف نے فوج کوحکومت کےماتحت ادارہ قراردیاہے،فوادچوہدری

Samaa Web Desk
August 31, 2018

 وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہےکہ جی ایچ کیو میں جنرل باجوہ نے کہاہےکہ فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نےپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ رات کو پاکستان کو بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی۔ گستاخانہ خاکوں کےمعاملے پرپاکستان نے مؤثرسفارتکاری کی۔ انھوں نےکہاکہ چھوٹا طبقہ ہے جو مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا چاہتاہے،گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ملتوی ہوگیا۔

انھوں نے بتایاکہ ریاست کی پالیسی میں تمام اداروں کی رائے شامل ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید بتایاکہ جی ایچ کیومیں حساس معاملے پر بریفنگ دی گئی،تمام اداروں کو مل کر چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔ انھوں نے مزید واضح کردیاکہ ہماری  پالیسی  نواز شریف کی طرح ذاتی  پالیسی نہیں ہوگی۔

عمران خان کی فوجی قیادت سے ملاقات کےحوالےسے انھوں نے بتایاکہ جنرل باجوہ نے کہا کہ فوج حکومت کا ماتحت ادارہ ہے۔چین کا پاکستان میں بڑا معاشی فائدہ ہے۔چین کے ساتھ پاکستان کا جیو اکانومک معاہدہ ہے۔چین کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ جی ایچ کیو میں بین الاقوامی سطح پر تعلقات سے متعلق بات ہوئی ہے۔

وزیراطلاعات نے بتایاکہ امریکا اور روس کے ساتھ تعلقات بھی اہمیت کے حامل ہیں۔جی ایچ کیو میں علاقائی تعاون میں بہتری پربھی بات ہوئی۔ انھوں نے واضح کیاکہ پاکستان چاہتاہےکہ  امریکا اور روس پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔

فیاض الحسن چوہان کے معاملے پر انھوں نے کہاکہ پنجاب کے وزیراطلاعات اس معاملے پر معذرت کرچکے ہیں۔ فنکار خوشیاں بانٹتے ہیں،ان کیخلاف بات کرنا مناسب نہیں۔