ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

Samaa Web Desk
August 22, 2018

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ اور دیگر شہروں میں نماز عید کے چھوٹ بڑے روح پرور اجتماعات ہوئے۔ مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کے بعد فرزندانِ توحید کی جانب سے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، جو جمعہ تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے عید کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لاہور میں نماز ادا کی، جب کہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں، رانا ثنا نے فیصل آباد میں، مولا بخش چانڈیو نے حیدر آباد میں

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحی پر قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ موجودہ مسائل سے نکلنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کے عملی مظاہرے اور دیانت داری پر زور دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے عید کے پیغام میں دعا دی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےاپنے پیغامات میں کہا کہ عیدالاضحی ہمیں دوسروں کی خوشیوں کے لیے قربانی اور ایثار کا جذبہ اجاگر کرنے کا درس دیتی ہے۔ اس فریضہ کی اصل روح جانوروں کی قربانی میں نہیں بلکہ دوسروں کے لیے اپنی ضروریات اور خواہشات کی قربانی میں پوشیدہ ہے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔

 

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا کہ عید الاضحی قربانی کے جذبے اور مسلمانوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

عید الا ضحی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس نفری تعینات رہی۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد اور لاہور میں نماز عید کا بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔ کراچی میں  ناظم آباد سمیت عیدگاہ سمیت عید قرباں کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔

 

پولو گراؤنڈ، میمن مسجد، بولٹن مارکیٹ، سبیل والی مسجد، عیدگاہوں اور دیگر مقامات پر بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی نماز عید کے جھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ کوئٹہ میں بھی عید الاضحیٰ پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ملک کے مختلف شہروں میں بھی عید کی نماز پڑھی گئی، لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے سے عید ملی۔