پاکستانی بہت محبت کرنے والی قوم ہے، نوجوت سنگھ سدھو

August 19, 2018

سابق بھارتی کرکٹر اور صوبائی وزیر بلدیات بھارت پنجاب نوجوت سنگھ سدھو پاکستان میں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے بعد آج اتوار کو بھارت واپس پہنچے تو بھارتی شہریوں نے ان کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میں پاکستان میں جہاں بھی گیا مجھے بہت پیار ملا۔ پاکستانی بہت محبت کرنے والی قوم ہے۔

نوجوت سِدّھو نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب ماتھا ٹیکا تو دل کو سکون اور سرور ملا۔

پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنرل صاحب نے بھی امن کی بات کی۔

اس سے پہلے نوجوت سنگھ سِدّھو نے بھارت روانگی سے قبل آج اتوار کو اندرون لاہور کا دورہ کیا۔ اور ٹیکسالی گیٹ سے چپل خریدی۔

سابق بھارتی کرکٹر کے ساتھ شہریوں نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے معزز مہمان کورخصت کیا۔ عمران خان کی جانب سے شکریہ بھی ادا کیا۔

بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت میں انکا کہنا تھا کہ پاکستان سے پیار، امان اورعزت لیکرجارہا ہوں۔ دورہ پاکستان مرتے دم تک یاد رکھوں گا۔

سابق بھارتی کرکٹر پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے بھی خواہاں ہیں ۔ کہا کہ پاک بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز بحال ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اورآئی پی ایل کی فاتح ٹیموں کا میچ ہونا چاہیے، امن کے لیے پاکستان اوربھارت کے درمیان میچز ہونے چاہیے، کرکٹ کے ذریعے ہی دونوں ممالک قریب آ سکتے ہیں۔

سدھو نے پاکستان کی مہمان نوازی کو بے مثال اور دورے کو ناقابل فراموش قراردیا۔ سردار جی نے بھارتی میڈیا کی گولا باری کسی خاطر میں نہ لائے۔ اور محبت اور امن کے ہی گیت گائے۔