جمہوریت پرشب خون ماراگیا،ایوان کےاندراورباہراحتجاج کریں گے،حمزہ شہباز

Samaa Web Desk
August 19, 2018

پاکستان مسلم لیگ ن کےرہنما حمزہ شہبازنےکہاہےکہ  پاکستان کی جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے، ایوان کے اندراور باہر احتجاج کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کےانتخاب کےبعد ایوان سے بات کرتےہوئے حمزہ شہبازنےکہاکہ پاکستان کی تاریخ میں انتخابات میں دھاندلی کی ایسی مثال نہیں دیکھی۔ اسمبلی میں ہمارے بارہ ووٹ ہمارے ادھر ادھر ہوئے۔انھوں نےمطالبہ دھرایا کہ دھاندلی کیخلاف پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔

حمزہ شہبازکاکہناتھاکہ ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ انھوں نےکہاکہ عمران خان کو پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے ن لیگ کو دعوت دینی چاہیئے تھی۔ اللہ عمران خان صاحب کو وعدے پورے کرنے کی توفیق دے۔

حمزہ شہباز نے دوٹوک کہاکہ ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مسلم لیگ کےسابقہ دورکےبارےمیں انھوں نےبتایاکہ ہم نے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔کراچی میں ن لیگ کی وجہ سے امن لوٹا۔پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے،دشمن ملک پاکستان کو پیاسا مارنا چاہتا ہے۔انھوں نے تجویزدی کہ کالا باغ ڈیم پر سب متفق ہوجائیں تو ڈیم بننا چاہیئے۔شہباز شریف نے قوم کے چھ سو چالیس ارب روپے بچائے۔پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

انھوں نے مزید کہاکہ ہم ایوان میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔میں کامیاب سیاست دان نہیں اچھا انسان بننا چاہتا ہوں۔آج کی مبارک باد دھاندلی میں کہیں گم ہو کر رہ گئی ہے،پنجاب کا خادم اعلیٰ دوبارہ پیدا نہیں ہوگا،بطور اپوزیشن لیڈر ایوان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔