خوش آمدید عمران خان،امریکا کا نئی حکومت کیساتھ ملکرچلنے کا عزم

August 19, 2018

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا ہے کہ امریکا نئے وزیراعظم اور حکومت کو خوش آمدید کہتا ہے، پاکستان میں بننے والی نئی حکومت سے مل کرکام کرنا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے ٹوئٹ میں عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔

ہیدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ خطے میں امن اورخوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب دیگر عالمی رہنماوں کی جانب سے بھی نومنتخب وزیراعظم عمران خان کیلئے مبارک باد اور تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی صدرحسن روحانی نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا انتخاب بہادر اور عزت مند پاکستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے۔

دوسری جانب ترک صدر نے بھی عمران خان کو منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات اور مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔ ترک صدر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ امید ہے عمران خان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید آگے لے کر چلیں گے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید، شیخ محمد بن راشد اور جرمن چانسلر نے بھی اپنے اپنے پیغاما بھیجے۔