عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھا لیا

Samaa Web Desk
August 18, 2018

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بائیسویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیا۔ خاتون اول بشری بی بی بھی ایوان صدر میں موجود تھیں۔

ایوان صدر میں نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری جاری۔ قبیل ازیں عمران خان اہلیہ خاتون اول بشری بی بی کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے۔

نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کے رہنماوں کی بڑی تعداد، سروسز چیفس ، کھلاڑی اور دیگر اہم شخصیات نے ایوان صدر پہنچ کر تقریب میں شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب صبح سوا دس بجے ایوان صدر میں شروع ہوئی،تقریب میں تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے، جنہوں نے ایوان صدر میں خصوصی طور پر آرمی چیف سے ملاقات کی اور انہیں گلے لگایا۔ ان کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین  بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

 

مختصر تعداد میں غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کی، جب کہ تقریب کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا جس کے بعد کابینہ سیکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی۔

 

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر بہت سے اردو کے الفاظ عمران خان درست طریقے سے ادا نہ کرسکے اور مسکرا اٹھے۔ وزیراعظم عمران خان نے حلف لینے کے بعد دستاویز پر دستخط بھی کیا۔

 

واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاؤس کے انتخاب میں شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔