نیب: خواجہ آصف کیخلاف انکوائری، بابرغوری کیخلاف ریفرنس کی منظوری

Samaa Web Desk
August 16, 2018

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ  محمد آصف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری کی منظوری دے دی جبکہ سابق وزیر جہاز رانی و بندرگاہ بابر غوری کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خواجہ آصف کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس کے ذریعے  قومی خزانے کو مبینہ طور پر 36 لاکھ 68 ہزار 671 ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

بابرغوری اور دیگر پر وزارت پورٹ اینڈ شپنگ میں غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق غیرقانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 2 ارب 85 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔