اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے، عمران خان

August 14, 2018

عمران خان کہتے ہیں کرپشن کے باعث معیشت کو سنگین بحران کا سامنا ہے، مگر اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سوشل میڈیا پر اپنے رشتہ داروں کی قائد اعظم اور علامہ اقبال کیساتھ تصویر شیئر کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں ان کے خالو ڈاکٹر جہانگیر خان اور والدہ کے چچا زمان خان شاعر مشرق علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ موجود ہیں۔

ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ یوم آزادی پر دل میں اُمید کا عظیم چراغ روشن ہے، کرپشن کے باعث معیشت کو سنگین بحران کا سامنا ہے مگر اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے اور پاکستان قائد و اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنے گا۔

پی ٹی آئی 25 جولائی کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی، عمران خان ملک کے متوقع طور پر اگلے وزیراعظم ہوں گے، 18 اگست کو ایوان سے منتخب ہونے کے بعد وہ حلف اٹھائیں گے۔