قومی اسمبلی میں اسپیکر،ڈپٹی اسپیکر کاانتخاب بدھ کوہوگا

August 14, 2018

قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل بروز بدھ کو ہوگا۔  پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ نے اسپیکر، جے یوآئی کے اسعد محمود اور تحریک انصاف کے قاسم سوری نے ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوچکا۔

قومی اسمبلی کےلیے اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کالئےرائے شماری کل ہوگی۔ خورشید شاہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کے امیدوارہونگے۔انھوں نےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ سابق قائد حزب اختلاف نے سب کو ساتھ لے کرچلنے کا عزم ظاہر کردیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر کیلئے اسد قیصر جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے قاسم سوری بھی اپنی کامیابی کے لیے انتہائی پرامید نظر آئے۔

جمیعت علما اسلام ف کے ممبر اسمبلی اور مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود نے بھی ڈپٹی اسپیکر کے لیے اپنے کاغذات جمع کرادیے۔تحریک انصاف کے اسپیکر کے امیدوار اسد قیصر پہلے ہی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔

سیکریٹری قومی اسمبلی نے تینوں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔