سعودی عرب میں 13 پاکستانی عازمین کی اموات

Zulqarnain Iqbal
August 11, 2018

حج کیلئے ایک لاکھ 35 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، 13 عازمین کی اموات ہوگئیں، ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین حج اور سعودی عرب میں دی جانیوالی سہولیات سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 1 لاکھ 35 ہزار 834 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، سرکاری اسکیم کے تحت 93 ہزار 613 اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت 42 ہزار 221 عازمین پہنچے، سعودی عرب میں 13 عازمین کی اموات واقع ہوچکی ہیں، ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا، تمام افراد کی مدینہ کے جنت البقیع اور مکہ کے شرائع قبرستان میں تدفین کردی گئی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقامی اور پاکستان سے آئے 1859 معاونین عازمین کی رہنمائی میں مصروف ہیں، 1597 عازمین کا گمشدہ سامان ڈھونڈ کر ان کے حوالے کردیا گیا، راستہ بھولنے والے 212 عازمین کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔

حکام کے مطابق 252 نجی حج کمپنیوں اور سہولیات کے جائزے کیلئے 76 سرکاری رہائش گاہوں کی مانیٹرنگ مکمل کرلی گئی، ہیلپ لائن کے ذریعے بھی حاجیوں کی رہنمائی جاری ہے، 890 کالز موصول ہوئیں،453 شکایات میں سے 312 کا ازالہ کردیا گیا۔

وزارت کے مطابق پاکستانی حجاج کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 551 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مبنی عملہ تعینات کیا گیا ہے، اب تک پاکستان حج میڈیکل مشن سے 62 ہزار 299 عازمین استفادہ حاصل کرچکے ہیں۔