فیصل واؤڈا سمیت 4 امیداواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال

August 10, 2018

سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واؤڈا سمیت دیگر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز بحال کردیئے، عدالت نے شہباز شریف اور دیگر کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 237، 249، 250 اور سندھ کی نشست 116 کے نتائج کیخلاف مقدمات پر فیصلہ سنادیا، الیکشن کمیشن سے جاری فیصل واؤڈا سمیت دیگر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن بحال کردیا۔

عدالت نے فریقین کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا، ساتھ ہی ٹریبونلز کو ایک ماہ کے اندر انتخابی عذر داریاں نمٹانے کی بھی ہدایت کردی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء فیصل واؤڈا کی دوہری شہریت اور بیرونِ ملک مبینہ جائیداد کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں تفصیلات پیش کردی گئیں۔

دستاویزات کے تحت فیصل واؤڈا کی برطانیہ، ملائیشیا اور دبئی میں جائیدادیں ہیں، جو ظاہر نہیں کی گئیں، فیصل واؤڈا پیدائشی طور پر امریکی شہری ہیں، 2015ء سے پہلے کوئی ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور فیصل واؤڈا کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیا۔