متوقع وزیراعظم عمران خان کی قوم سے اپیل

متوقع وزیراعظم عمران خان کی قوم سے اپیل

Samaa Web Desk
August 10, 2018

چیئرمین پی ٹی آئی اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے قوم سے بھرپور طریقے سے یوم آزادی منانے کی اپیل کردی، کہتے ہیں کہ انشاء اللہ نئے پاکستان میں قائد اعظم کے خواب کو تعبیر ملے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم سے اپیل کی ہے کہ اس بار یوم پاکستان بھرپور طریقے سے منائیں۔

کہتے ہیں میں چاہتا ہوں کہ پوری قوم 14 اگست کو خصوصی طور نہایت اہتمام اور بھرپور جوش و جذبے سے "یوم آزادی" منائے کیونکہ ہم نئے پاکستان کے قیام کی منزل کی جانب گامزن ہیں، جس میں انشاء اللہ قائد کے خواب کو تعبیر ملے گی۔

عمران خان نے مزید کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں، ان کیلئے خوشخبری ہے کہ ان کے حق رائے دہی کیلئے تحریک انصاف کی جدوجہد کامیاب ہوئی، سپریم کورٹ نے ہمارا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عملدرآمد کیلئے اقدامات اٹھانے کے احکامات دیئے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی دھرنے میں ایم ایم اے رہنماء مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ اس بار یوم آزادی نہیں منا سکتے، 14 اگست کو یوم جدوجہد آزادی کے طور پر منائیں گے۔

اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا، پیپلزپارٹی نے آئندہ مولانا فضل الرحمان کو احتیاط کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سینئر پی پی پی رہنماؤں کو انہیں سمجھانے کا ٹاسک بھی دے دیا۔