مولانا فضل الرحمان کو سمجھائیں، بلاول نے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیا

مولانا فضل الرحمان کو سمجھائیں، بلاول نے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیا

Sanjay Kumar
August 10, 2018

مولانا فضل الرحمان کے اداروں کیخلاف بیانات پر بلاول بھی چکرا گئے، پارٹی کی مرکزی قیادت کو صدر ایم ایم اے کو سمجھانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ چیئرمین پی پی پی نے مولانا صاحب کو پیغام دیدیا کہ دھاندلی کے علاوہ کوئی اور موضوع زیر بحث آیا تو اپوزیشن اتحاد قائم نہیں رہ سکتا۔

مولانافضل الرحمان کی اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے دوران اشتعال انگیز تقریر کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداریکی  صدارت میں پیپلزپارٹی کی اہم بیٹھک لگی۔

چیئرمین پی پی نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تحفظات کا اظہار کردیا اور واضح کیا کہ اداروں کیخلاف پیپلز پارٹی نہیں کھڑی ہوسکتی۔

بلاول نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو فضل الرحمان کو سمجھانے کا ٹاسک دیتے ہوئے بتادیا کہ اپوزیشن اتحاد کی بنیاد صرف دھاندلی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بھی اس معاملے میں محتاط ہوگئے اور پارٹی رہنماوں کو ہدایت کی کہ اداروں کیخلاف بیان بازی سے گریز کریں اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج اور قانونی طریقہ اپنائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ نواز، متحدہ مجلس عمل، اے این پی، پشتونخوا میپ سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات لگائے تھے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا بھی اعلان کیا تھا۔