عمران خان بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے، فیصلہ ہوگیا

عمران خان بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے، فیصلہ ہوگیا

Samaa Web Desk
August 10, 2018

عمران خان بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے، فیصلہ ہوگیا، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ وزیراعظم منتخب ہو کر عمران خان منسٹر انکلیو  میں رہیں گے، 18 اگست کو وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں 92ء ورلڈ کپ فاتح ٹیم، کپل دیو اور سدھو کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، وقت کی کمی کے باعث سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنا ممکن نہیں۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم کی حلف برداری 18 اگست کو ہوگی، عمران خان بطور وزیراعظم منسٹر انکلیو میں رہیں گے، 18 اگست تک حکومت سازی مکمل ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، 92ء ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کرے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری سادہ اور میزبان ایوان صدر ہوگا، میزبانی کا اختیار ہوتا تو لاکھوں کارکنوں اور ووٹرز کو مدعو کرتے جن کی بدولت آج یہ دن دیکھنا نصیب ہوا۔

وہ کہتے ہیں کہ وقت کی کمی کے باعث سارک سربراہان کو بلانا ممکن نہیں، بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقا سے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ بطور تحفہ عمران خان کو بھیجا۔