صدر نےنومنتخب اراکین کی حلف برداری کیلئے دورہ برطانیہ ملتوی کردیا

صدر نےنومنتخب اراکین کی حلف برداری کیلئے دورہ برطانیہ ملتوی کردیا

Samaa Web Desk
August 10, 2018

صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان کے حلف کی خاطر دورہ برطانیہ ملتوی کردیا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت کو 15 اگست کو برطانیہ روانہ ہونا تھا، پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے صدر مملکت سے دورہ برطانیہ موخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

اس سے پہلے یہ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ صدر مملکت ممنون حسین کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے، تاہم تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کی درخواست قبول کرتے ہوئے صدر مملکت نے برطانیہ کا دورہ ملتوی کردیا۔ صدر کو  15 اگست کو روانہ ہونے کے بعد 19 اگست کو شیڈول کے مطابق واپس آنا تھا۔

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صدر کی جانب سے سمری منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا گیا ہے، جہاں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، بعد ازاں حروف تہجی کے لحاظ سے ان کے نام پکارے جائیں گے، تاکہ وہ رول آف نمبرز پر دستخط کریں۔ اجلاس طلب کرنے کی سمری الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی تھی۔

 

اسی روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 13 اگست کو ہی دونوں عہدوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، سابق حکمراں جماعت کا دوسرا اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تیسرا نمبر ہے۔

 

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے باعث سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف قومی اسمبلی میں جارہے ہیں، اپوزیش جماعتوں کے اتحاد نے انہیں وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ناکامی کی صورت میں قائد حزب اختلاف بھی وہیں ہوں گے۔

 

شہاز شریف نے این اے 132 لاہور کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ صوبائی اسمبلی کی پی پی 164 اور پی پی 165 کی نشستیں چھوڑنے کیلئے درخواستیں بھی دے دی ہیں۔ حمزہ شہباز قومی اسمبلی کی نشست این اے 124 چھوڑ کر پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جن میں سے 4 حلقوں سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔