پشاور، خواجہ سراؤں پر فائرنگ اور تشدد سے 3 زخمی

August 2, 2018

 

پشاور کے علاقہ سربند میں نامعلوم ملزمان نے خواجہ سراؤں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 خواجہ سرا زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

پشاور سے سما ڈجیٹیل کے رپورٹر صابر شاہ ہوتی کے مطابق 3 خواجہ سرا گزشتہ شب ایک پروگرام سے واپس آرہے تھے۔ راستے میں نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی روک لی اور انہیں گاڑی سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان پر چاقو سے وار کئے اور آخر میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

واقعہ میں تینوں خواجہ سرا شدید زخمی ہوگئے ہیں جن کی شناخت گڑیا، اسدے اور لائبہ کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا تاہم خواجہ سراؤں کے احتجاج پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ٹرانس ایکشن ایکشن پاکستان نامی تنظیم نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر دعویٰ کیا ہے کہ تینوں خواجہ سرا ان کی تنظیم سے وابستہ اور خواجہ سراؤں کے حقوق کے سرگرم ارکان ہیں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکن تیمور کمال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 2015 سے اب تک 57 خواجہ سرا قتل ہوئے جبکہ تشدد کے 70 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے باجود خواجہ سراؤں کے تحفظ کے لیے ڈرافٹ بل صوبائی اسمبلی سے تاحال منظور نہ ہوسکا۔