دیر، ایم ایم کے3 امیدواروں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد

zzahidjan
July 28, 2018

دیر سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 10، 11 اور قومی اسمبلی کے این اے 5 پر ناکام امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی گئی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔ تینوں امیدوار الیکشن ٹریبونل میں درخواستیں دائر کریں گے۔

دیر سے سما کے نمائندہ زاہد جان کے مطابق پی کے 10 دیر ون سے ایم ایم اے کے ناکام امیدوار محمد علی نے دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواست دائر کی تھی جو ریٹرنگ آفیسر مجتبی آحمد کمال  نے  خارج کردی۔ اس حلقہ سے پیپلزپارٹی کے ملک بادشاہ صالح 1600 سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب قرار پائے ہیں۔

اسی طرح پی کے 11 سے ایم ایم اے کے امیدوار ملک اعظم خان  کی  دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد ہوگئی ہے۔ پی کے 11 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ثناء اللہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

این اے 5 سے ایم ایم اے کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے ریٹرننگ افسر کو دی گئی درخواست خود ہی واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قائدین جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔ یہاں سے تحریک انصاف کے امیدوار صاحبزادہ صبغت اللہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

دوسری جانب تینوں امیدواروں نے الیکشن ٹریبونل میں درخواستیں دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔