نگراں وزیراعلی کے حکم پر کارکن گرفتار کیے جارہے ہیں، شہباز شریف

Samaa Web Desk
July 12, 2018

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلی کے حکم پر کارکن گرفتار کیے جارہے ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس کو واضح کہنا چاہتا ہوں کہ ظلم و زیادتی روک دیں، وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔ جب ہماری حکومت آئے گی تو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئیں گے۔

لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوران شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کی شدید بیماری کے باوجود پاکستان آرہے ہیں جن کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نگران وزیراعلیٰ اور دیگر کی ہدایت پر ہمارے کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے اور یہ گرفتاریاں انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ذمے دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا، جتنی دھاندلی کرلیں ہم 25 جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ نواز شریف پاکستان نہیں آرہے، کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئِی، نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ کل لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے، گرفتاریوں اور تشدد سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کل کا پروگرام پرُامن ہے، اس کے باوجود کارروائیوں کا مطلب ہے دال میں کچھ تو کالا ہے جب کہ عمران خان لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں اور ہمارے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی خدمت کرنے والے معمار ہیں، ملک کو دھرنوں سے تباہ کرنے والی دیگر جماعتیں ہیں، ہمارا مشن پاکستان کی تعمیر کرنا ہے۔