عدالت نے راؤ انوار کو پاسپورٹ جمع کرانے اور شہر چھوڑ کر جانے سے بھی روک ديا

July 11, 2018

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر کی ضمانت سے متعلق تحریری حکم جاری کرتے ہوئے راؤ انوار کو پاسپورٹ جمع کرانے اور شہر چھوڑ کر جانے سے بھی روک دیا۔

کراچی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤانوار کی ضمانت سے متعلق 23صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا۔

عدالت کا کہنا تھاکہ راؤ انوار شہر چھوڑ کر نہیں جاسکتے ہیں، اگر راؤ انوار کے اہل خانہ ملاقات کرنا چاہیں تو وہ پاکستان آ سکتے ہیں، اور اگر طبعیت خراب ہو تو مقامی اسپتال سے علاج کرائیں۔

عدالت نے کہا کہ ملک میں ہر قسم کی طبی سہولیات موجود ہیں، راؤ انوار کی جائے وقوعہ پر موجودگی ثابت نہیں ہوتی، گرفتار ملزمان نے بھی رائو انوار کی موقع پر موجودگی کا بیان نہیں دیا۔

ملزم راؤ انوار کے وکیل نے عدالت میں 10 لاکھ روپے کے مچلکے کی زرضمانت جمع کرائی۔