نیلم جہلم منصوبہ، واپڈا ٹیرف پر اعتراضات، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا

Wahab Kamran
July 11, 2018

Neelum Jhelum hydro power project. photo source: Twitter/Lijian Zhao

ملک کے دو سرکاری اداروں میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کے ٹیرف کے معاملے پر ٹھن گئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے واپڈا کے مجوزہ ٹیرف پر اعتراضات اٹھا دئیے۔

واپڈا نے نیلم جہلم کا ٹیرف 13.24 روپے فی یونٹ مانگ رکھا ہے۔ واپڈا کی درخواست پر آج بدھ کو نیپرا میں سماعت ہوئی۔  نیپرا اتھارٹی نے فریقین کےدلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

نیلم جہلم منصوبے کے ٹیرف کی سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے واپڈا کے مجوزہ ٹیرف پر اعتراضات اٹھائے۔ سی پی پی اے حکام  کے مطابق، نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا ٹیرف اتنا مہنگا مانگا گیا ہے کہ فرنس آئل کی لاگت کے برابر ہے۔ مجوزہ ٹیرف منظور ہوا تو بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔

سی پی پی اے حکام نے نیپرا سے درخواست کی کہ منصوبے کی تعمیر میں تاخیر پر واپڈا سے جرمانہ لیا جائے۔ واپڈا کے مطابق، وفاقی حکومت سود کم کر دے تو ٹیرف کم ہو سکتا ہے۔ واپڈا حکام نے دہائی دیتے ہوئے کہا دو فیصد شرح سود پر لئے گئے بیرونی قرضے پر واپڈا سے دس فیصد وصول کیا جا رہا ہے۔