پی آئی سی: امراض قلب کے 4 ہزار مریض ویٹنگ لسٹ پر

Farhan Adil
July 9, 2018

مسلم لیگ ن اور خادم اعلیٰ پنجاب نے صحت کی سہولات کی فراہمی کے بڑے دعوے تو کئے تاہم عملاً ایسا نظر نہیں آتا، اسپتالوں میں کچھ بہتری آئی ہوگی مگر امراض قلب کے 4 ہزار سے زائد مریض کو کئی کئی سال بعد کی تاریخیں دی جارہی ہیں۔

امراض قلب کے علاج کیلئے سب سے بڑے اسپتال پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں بائی پاس کے منتظر افراد کو سالوں انتظار کرنا پڑے گا۔

نمائندہ سماء کے مطابق دل کے ٹیسٹ ایکو کیلئے 6 ماہ  جبکہ انجیو پلاسٹی ہو یا انجیو گرافی 2 سال تک مریض کا نمبر نہیں آتا، 5 ہزار سے زائد مریض ویٹنگ لسٹ میں ہیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کے مریض طویل انتظار کرنے پر مجبور ہیں، ایکو ٹیسٹ کیلئے بھی 8 ہزار مریضوں کو 6 ماہ بعد کی تاریخ دی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی سی میں بائی پاس کے 4 ہزار مریض ویٹنگ لسٹ پر ہیں جنہیں تقریباً 2 سال تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔