پاکستان اور ترکی میں چار ملجم کلاس بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ

Samaa Web Desk
July 5, 2018

پاک بحریہ نے ترکی سے 4 ملجم کلاس بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کرلیا، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہوگی۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ نے ترکی سے 4 ملجم کلاس بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کیا ہے، معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت دفاعی پیداوار میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے بحری افسران اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق ترکی سے معاہدے کے تحت مِلجم کلاس کی جہاز سازی کی ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہوگی، یہ جہاز جدید نظام سے لیس اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل ہوں گے جبکہ ان پر مقامی سطح پر تیار ہونے والا میزائل سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاک ترک معاہدے کے تحت پہلا اور دوسرا جہاز استنبول نیوی شپ یارڈ جبکہ تیسرا اور چوتھا جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیار کیا جائے گا۔

ترکی سے تیار جدید جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا جو خطے میں بحری امن کی ضمانت ہے۔