ایم ایم اے میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات

June 13, 2018

خیبر پختونخوا میں دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آگئے، حتمی امیدواروں کا تاحال اعلان نہ کیا جاسکا۔

بڑی سیاسی جماعتوں کے بعد مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے میں بھی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آگئے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوچکا مگر 10 سال بعد بحال ہونے والا اتحاد ٹکٹوں کی تقسیم پر متفق نہ ہوسکا۔

ایم ایم اے کی دونوں بڑی پارٹیوں جمعیت علمائے اسلام ف اور جماعت اسلامی کے درمیان اختلافات ختم نہ ہوسکے۔

پشاور، لوئر اپر دیر، چترال، کرک، بنوں سمیت مختلف اضلاع میں ایم ایم اے انتشار کا شکار ہے، تاحال ٹکٹوں کی تقسیم نہیں ہوسکی اور دونوں جماعتوں کے امیدوار ایک دوسرے کیخلاف میدان میں ہیں تاہم قیادت پھر بھی معاملات حل ہونے کی دعوے دار ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم پر صرف ایم ایم اے ہی نہیں پی ٹی آئی، نواز لیگ اور پی پی پی کو بھی اندرونی اختلافات کا سامنا ہے۔